عالمگیرویلفیئرٹرسٹ کے تحت کورنگی میں پارک کاافتتاح

192

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عمر ریحان نے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے تحت کورنگی میں پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارک کے قیام کو انسان دوست اور ماحول دوست اقدام قرار دیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے ڈپٹی کمشنر کورنگی شہریار گل اور ایس ایس پی کورنگی فیصل چاچڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صدر کاٹی نے کہا کہ پارک کسی بھی شہر کی زینت ہوتے ہیںاور ترقی یافتہ شہروں میں انہیں خصوصی اہمیت دی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی کچرا کنڈیوں اور میدانوں میں پارک بنوانا اچھا اقدام ہے ،ہم نے کورنگی صنعتی علاقے میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کروا کر شہرکو خوبصورت بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کورنگی شہریار گل میمن کورنگی میں شجر کاری اور ضلعے کی بہتری کے لیے متحرک کردار ادا کررہے ہیںجو قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر انفارمیشن شکیل دہلوی نے عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت چلنے والے پروجیکٹ کے بارے میںمعلومات اور ٹرسٹ کو درپیش مسائل سے بھی آگاہی فراہم کی۔اس موقع پر عالمگیر ٹرسٹ کے چیئرمین چودھر ی نثار احمد، جنرل سیکرٹری شمیم احمد چاندنہ اور ریحان یاسین بھی موجود تھے۔