وزیرخارجہ کاڈنمارک سے رابطہ، پی آئی اے پرتحفظات دورکرنے کی کوشش

146

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈینش ہم منصب جیب کوفوڈ کے ساتھ وڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے پی آئی اے سے متعلق تحفظات دور کرنے
کی کوشش کی اور اصلاحات کی یقین دہانی کرائی۔دونوں وزراء خارجہ نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ علاوہ ازیں شاہ محمودقریشی نے اپنے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے خواب کی عملی تعبیر کا آغاز ہو چکا ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کی تعیناتی عمل میں آچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اب اپنے کاموں کے سلسلے میں لاہور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی،ان کے پولیس سے متعلقہ معاملات اور انتظامی معاملات ملتان اور بہاولپور میں ہی حل ہوں گے۔