کراچی، شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا ‘جن ‘ بےقابو

676

کراچی: کورونا وبا اور شدید گرمی کے باوجود شہر قائد کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا ‘جن ‘ بےقابو ہوگیا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے جن علاقوں میں طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ان میں لیاقت آباد، لیاری، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، کیماڑی، گلشن اقبال، ملیر، لانڈھی، کورنگی، بلدیہ، بہار کالونی اور نارتھ کراچی کے علاقے شامل ہیں جہاں کے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 10 سے 14 گھنٹوں تک جاری ہے۔

دوسری جانب شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور لوڈشیڈنگ سے پانی کی کمی کے مسائل نےبھی جنم لےلیا ہے جبکہ کے الیکٹرک شہر میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی دن میں 2 سے 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کررہی ہے۔

یاد رہے کہ ترجمان کےالیکٹرک نے دعویٰ کیا تھا کہ ایندھن کی فراہمی بہتر ہونےکی وجہ سے بجلی کی فراہمی بھی بہتر ہوئی ہے اور رات 12 بجے سے صبح 7 بجے تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف کل بھی جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ  کے الیکٹرک سالانہ اربوں روپے کا منافع کمارہا ہے لیکن عوام کو بجلی سہولت فراہم نہیں کررہاہے،کے الیکٹرک کا پورا سسٹم تباہ ہوچکا ہے، حکومت نے سب سے زیادہ فائدہ کے الیکٹرک کو فراہم کیا اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔