سندھ میں لاک ڈاؤن میں 15روز کی توسیع‘ کورونا سے مزید94ہلاک

261

کراچی، اسلام آباد (نمائندہ جسارت، خبر ایجنسیاں) حکومت سندھ نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن میں 15 جولائی تک کی توسیع کردی۔محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتے میں دو دن کاروبار مکمل طور پر بند ہوگا اور ہفتے اور اتوار کو سبزی فروش کے علاوہ کوئی کاروبار نہیں کھلے گا۔علاوہ ازیں نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا کہ تعلیمی ادارے، شادی ہالز، بزنس سینٹرز، ایکسپو ہالز، عوامی مقامات بدستور بند رہیں گے۔صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے اوقات کار بھی جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت اب صوبے میں کاروباری سرگرمیاں پیر سے جمعہ تک صبح 6 سے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی تاہم میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری سروسز کو ان اوقات سے استثنا حاصل ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی 15 جولائی تک بند رہیں گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق بیوٹی پارلر بھی آئندہ 15 روز کے لیے بند رہیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ نے توسیع کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہوم ڈیلیوری رات11بجے تک کی جاسکے گی جبکہ شام 7 بجے تمام دکانیں بند ہو جائیں گی۔بیان میں کہا گیا کہ مخصوص علاقے سیل کرنے کا نوٹی فکیشن کمشنر کراچی جاری کریں۔واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جون کو حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن کی مدت میں 30 جون تک توسیع کردی تھی۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 470 تک جاپہنچی ہے تاہم ان میں سے ایک لاکھ 802 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 5 ہزار 510 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ ملک بھر میں مزید 4 ہزار 133 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھرمیں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار470 تک جا پہنچی ہے۔سندھ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 84 ہزار 640 ، پنجاب میں 76 ہزار 262 ، خیبرپختونخوا میں 26 ہزار 598 ، بلوچستان میں 10 ہزار 476 ، اسلام آباد میں 12 ہزار 912، آزاد جموں وکشمیر میں ایک ہزار 93 اور گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک ہزار 489 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں کورونا کے ایک لاکھ 802 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار 273 ہے جن میں سے 5 ہزار 50 کورونا مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جب کہ ملک بھر میں 491 کورونا مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد کورونا کے ہاتھوں دار فانی سے کوچ کرگئے۔ جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 395 ہوگئی ، پنجاب میں ایک ہزار 762 ، سندھ میں ایک ہزار377 ، خیبرپختونخوا میں 951 ، اسلام آباد میں 128 ، بلوچستان میں 121 ، گلگت بلتستان 26 اور آزاد کشمیر میں 30 افراد اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔