جماعت اسلامی سندھ کا بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش

203

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈائون، شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اس کے باوجود کے الیکٹرک سمیت بجلی کی کمپنیوں کے بھاری بل عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ پی ٹی آئی حکومت اپنے ادارے کے الیکٹرک کو عوام پر بجلی گرانے سے باز رکھے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے انتخابی مہم کے دوران مہنگائی،بے روزگاری، کرپشن کے ساتھ بجلی بحران کے خاتمے کا بھی دعویٰ کیا تھا مگر 2 سال گزرجانے کے باوجود دیگر وعدوں کی طرح بجلی بحران کے خاتمے کا دعویٰ بھی کھوکھلا نکلاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں کو لگام،عوام کی حالت زار پر رحم، جیکب آباد سمیت گرم ترین شہروں کو بجلی لوڈشیڈنگ سے مستثنا اور بجلی بحران کے خاتمے کے لیے ٹھوس و کرپشن فری اقدامات کیے جائیں۔