کھڈرو میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ کلیکشن کیمپ کا انعقاد

342

کھڈرو (نمائندہ جسارت) کھڈرو میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ کلیکشن کیمپ کا انعقاد، چودھری فرمان علی حیدری نے افتتاح کیا۔ یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس نواب شاہ ڈویژن کی جانب سے مرکزی صدر بابر حسین سلہری کی ہدایت پر ٹائون کمیٹی کھڈرو میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس نوابشاہ کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر محمود اسلم ملک اور چودھری فرمان علی حیدری نے کیا۔ دوران تقریب ڈویژنل کو آرڈینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار، ڈسٹرکٹ سانگھڑ کے کوآرڈینیٹر نعمت علی، سٹی کھڈرو کے کوآرڈینیٹر جنید احمد ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیمپ یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس، پاکستان ہندو اتحاد، تنظیم جماعت لواری شریف یونٹ کھڈرو اور اہلیان کھڈرو کے تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کی بنا پر تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون کے عطیات میں کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس کی وجہ سے اس کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات اکٹھے کرکے انسانی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔ اس موقع پر سماجی رہنما سینئر استاد جیوت رام بھی موجود تھے۔