‘پہلے دہشتگرد کو عمارت میں داخل ہوتے ہی ہلاک کر دیاگیا’

520

وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج حملے میں 4 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے ہی پہلے دہشتگرد نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اسے ماردیا گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج حملے سے متعلق جاری بیان میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ  آج صبح چند دہشتگردوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا تو آرمڈ فورسز نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، جیسے ہی پہلے دہشتگرد نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی اسے ماردیا گیا، اس کےبعد اسکے ساتھی بھی اندر گھس آئے اور فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد حملے میں 4 اہلکاربھی شہید ہوئے،اس وقت رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عمارت کو محاصرے میں لیا ہوا ہے، عمارت کی کلیئرنس کی جارہی ہے، یہ عمل جلد مکمل ہوجائے گا،میں یقین دلاتا ہوں کہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج  کے گیٹ پر دہشت گردوں نے دستی بم حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہوئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوئےجبکہ چاروں دہشتگردوں کا ہلاک کردیا گیا۔