تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ جولائی میں ہوگا، وفاقی وزیر تعلیم

807

اسلام آباد:وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود  کا کہنا ہےکہ ہم نے ابھی تک تعلیمی ادارے کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے2جولائی کو بین الصوبائی کانفرنس میں فیصلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے دباؤں تو بہت ہے ، لیکن ہمارے لیے بچوں کی صحت سب سے اولین ترجیح ہے۔

شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ پرائمری کا نصاب بن گیا ہے، صوبوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے،سارے صوبوں نے یکساں نظام تعلیم کے معاملہ پر تعاون کیا،ملک میں 18ویں ترمیم کے بعد نصاب صوبائی معاملہ ہے،تحریک انصاف نےاپنےمنشورمیں لکھا تھاکہ یکساں تعلیمی نظام اپناناہے،اس منشور کے مطابق کام کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مدارس نے ان بچوں کو سینے سے لگایا جن کا کوئی پرسان حال نہیں تھا، لیکن مدارس کا نظام بہت پیچھے رہ گیا، وہ صرف دینی تعلیم تک محدود ہوگیا، مدارس کا اپنا طرز تعلیم تھا جس کا سرکاری نصاب سے تعلق نہیں تھا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اسکول کے بچوں کےلئےاعلیٰ ملازمتوں میں جگہ بنانامشکل ہوگئی ہے،ہمارے عدالتی، حکومتی، کارپوریٹ میں انگریزی نظام تھا، جس کی وجہ سے ملک کا نظام تعلیم تین حصوں میں تقسیم ہوگیا،سرکاری اسکولوں تک وہ لوگ محدود رہ گئےجو بچوں کو نجی اسکولوں میں پڑھانہیں سکتےتھے۔