وزیراعظم خود کورونا ہے جو اس ملک سے چمٹ گئے ہیں، خواجہ آصف

830

قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم خود کورونا ہے جو اس ملک سے چمٹ گیا ہے، قوم پر اترنے ولا عذاب ختم کرنا ہے تو ان سے جان چھڑانا ہوگی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کے جواب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نےتاریخ پر جو لیکچر دیا اس کی تصحیح ضروری ہے،مغلیہ دور کی تاریخ انہوں نے غلط بیان کی، خدا کا واسطہ وزیر اعظم یہاں آکر تاریخ اور جغرافیہ کا لیکچر نہ دیا کریں،ہاؤس کو ان پڑھ نہ سمجھیں ان کو معلوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم نے جواعداوشمار بتائے کیا وہ ان کو کنٹینر پر یاد نہیں تھے،جب وہ قوم سے وعدے کررہے تھے تو ان کو اعداو شمار چیک کرنے چاہیے تھے،اگر ملک کی اتنی بری صورت حال تھی تو وعدے نہ کرتے، وزیر اعظم نے آج بھی غلط اعداو شمار ایوان میں پیش کیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے اپنے وزیر کہتے ہیں کہ تبدیلی نہیں آئی،یہ حکومت تباہی کی علامت ہے، گزشتہ دو سال میں آپ نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب پانی سر سے گزر چکا ہے، وزیر اعظم خود کورونا ہے جو اس ملک سے چمٹ گیا ہے، قوم پر اترنے ولا عذاب ختم کرنا ہے تو ان سے جان چھڑانا ہوگی، تباہی کو ریورس کرنے کیلئے ان کا ہٹنا ضروری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آسٹریلیا کہہ رہاہے ہمارے ہاں کورونا پاکستان سےآیا، یہ برآمدات بڑھا نہیں سکے مگر کورونا ایکسپوٹ کررہے ہیں، آسٹریلیا کہتا ہےکہ 23 فیصد کورونا پاکستان سے آیا ہے،ہم حقیقت سے آنکھیں نہیں چرا سکتے،یہ کورونا ہے زکام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا ہے، جو شخص دنیا میں دہشت گردی لے کر آیاوہ شہید کیسے ہوسکتا ہے،بھارت کا سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر منتخب ہونا بڑی بات نہیں، بھارت نے جو 184 ووٹ لیےوہ بڑی بات ہے۔