فلور ملوں کیلیے گندم کی قیمت کی منظوری کابینہ دے گی،وزیر اعلیٰ پنجاب

96

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملوں کو گندم کی فراہمی اور حتمی قیمت مقرر کرنے کی منظوری کابینہ دے گی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، قیمتوں کو عوام کی پہنچ میں رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو گندم اور آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں کورونا سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے ٹیسٹ کی استعداد کار 12 ہزار ہو گئی، کورونا کے 68,308 مریض ہیں جن میں سے 19,580 صحت یاب ہو چکے ، 3498 زیرعلاج ہیں، مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔ اسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد 671 سے بڑھا کر 1228 کردی گئی، راولپنڈی کے اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز کی تعداد بڑھاکر 607 کی جارہی ہے۔ نشتر اسپتال ملتان میں 58 بیڈز کے اضافے کے بعد تعداد202 ہو گئی ہے۔ اسپتالوں کو 66 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی طرف سے عطیہ کردہ 3 پی سی آر مشینیں جناح اسپتال لاہور، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان کو مہیا کی گئی ہیں،473 اضافی ڈاکٹروں، 674 نرسوں اور 211 ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کورونا ڈیوٹی کے دوران جاں بحق گریڈ 16 تک کے ملازمین کے لواحقین کو 40 لاکھ ، گریڈ 17 اور اس سے زیادہ کے افسران کے لواحقین کو 80 لاکھ روپے کی امداد دیں گے۔ ایس او پیز کے تحت کورونا سے جاں بحق شخص کو فیملی ممبر پی پی ای پہن کر غسل دے سکے گا۔