موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت پر اثرات سے نمٹنا اہم ترین چیلنج ہے

224

لاہور (این این آئی) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزمائی پوری دنیا کیلیے ایک بڑا چیلنج ہے،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق محکمہ زراعت موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے کاشتکاروں کو مکمل آگاہی فراہم کرے اور فصلوں کی ایسی اقسام دریافت کی جائیں جو زیادہ گرمی و سردی کو برداشت کر سکیں ۔یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے زراعت ہاس لاہور میں موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت کے شعبے پر اثرات کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت اصلاح آبپاشی ملک محمد اکرم ،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر اور چیف میڈیا ایڈوائزر برائے وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر سمیت دیگر افسران کی شرکت۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت پر اثرات سے نمٹنا ایک اہم ترین چیلنج ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق محکمہ زراعت موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت پر اثرات کے بارے میں اپنی تحقیق جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوران اجلاس وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے افسران کو ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت پر اثرات کے بارے میں حقائق پر مبنی ڈیٹا لیا جائے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے زراعت پر اثرات کے بارے میں کسانوں کو آگاہی فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے دور میں ہمیں آئی سی ٹی پر مشتمل ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ فیصلوں کی کاشت اور پیداوارکے بارے میں آگاہ کر سکے تاکہ کسانوں کی بہتری اور خوشحالی کیلیے اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہمارے مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا۔عنقریب میں وفاقی حکومت سمیت چاروں صوبوں سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس سلسلے میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کروں گا۔ ایگرو ایکوجیکل زوننگ ہماری فوڈ سیکورٹی اور معیشت کیلیے نہایت اہم ہے۔ وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ جاری موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلیے اپنی کاوشوں کو تیز کریں۔انہوں نے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کی کلائمٹ چینج کو نمٹنے کیلیے مرتب کیے گئے ماڈل کو سراہا اور امید کی کہ یہ ماڈل جاری موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے میں اہم کردار ادا کرے گا۔