حکومت میں رتی بھر بھی اخلاقی جرأت ہے تو اقتدار چھوڑ دے، لیاقت بلوچ

599

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی انتخابی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کو عدالت عظمیٰ لارجربنچ نے متفقہ مسترد کردیا ہے۔ عدالتی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ ہے۔ اگر حکومت میں رتی بھر بھی اخلاقی جرأت ہے تو اقتدار چھوڑ دے۔ حکومت اور ریاست ہمیشہ عدلیہ اور ریاستی اداروں کو غلامی کی زنجیر ڈالے رکھنا چاہتی ہیں۔ عدلیہ نے دبائو میں لانے کے روایتی ، حکومتی ، ریاستی دبائو ماننے سے انکار کردیا۔ جمہوری قوتوں ، وکلا برادری اور سول سوسائٹی کو عدلیہ کی آزادی کے لیے متحد رہنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پے در پے غلطیاں اور حماقتیں کر رہی ہے ،عدالت عظمیٰ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج شوکت صدیقی کو بھی انصاف دلائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اب یہ امر نوشتہ دیوار ہے کہ اقتدار اور ریاست کا نظام چلانے کے لیے فوج کا براہ راست اقتدار پر قبضہ اور اقتدار کی کرسی پر بندوبست کر کے کسی کو براجمان کردینے کا نظام ناکام ہے۔ قومی وحدت ، ریاستی ، حکومتی ، پارلیمانی نظام ، قومی معیشت ، عدل و انصاف کا نظام تباہ ہوگیاہے اب وقت آگیاہے کہ سیاسی جماعتیں ، جمہوری قوتیں ، ریاستی ادارے ماضی کے تباہ کن شکنجوں اور مفاداتی حصار کو توڑیں۔ قومی ترجیحات پر قومی اتحادو اعتماد بحال کیا جائے اور عوام کو شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات دیے جائیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وبا کا پھیلائو خطرناک ہے۔ بدقسمتی ہے کہ وفاق نے کورونا پر قابو پانے کے لیے قومی حکمت عملی کے بجائے صوبوں ، اپوزیشن اور سماج سے جنگ شروع کردی۔ کورونا وبا ہے لیکن عمران خان کی بے تدبیریوں سے عوام کے لیے بڑی مشکلات اور خطرات بڑھ گئے ہیں۔ غلطیوں کا ازالہ کیا جائے اور قومی ایکشن پلان بنایا جائے۔