توہین رسالت کے قوانین کیخلاف امریکی کمیشن کا بیان قابل مذمت ہے،علما

222

لاہور ( نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم نشرواشاعت مولانا عزیز الرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، نائب امیر پیرر ضوان نفیس، سرپرست قاری جمیل الرحمن اختر،جنرل سیکرٹری لاہور مولانا علیم الدین شاکر ، مولانا حافظ محمداشرف گجر، مولانا خالد محمود، قاری ظہورالحق اور مولانا سعید وقار نے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی طرف سے توہین رسالت کے قوانین کے مکمل خاتمے یا نظر ثانی اور نادرا فارم سے مذہب کا خانہ ختم کرنے کے مطالبے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مداخلت اور آئین پاکستان کی توہین قراردیا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔علما نے کہا کہ قادیانی آئین پاکستان کے باغی ہیں ،اگر وہ پاکستانی آئین کو تسلیم کر لیں تو انہیں اقلیتوں کے حقوق دیے جا سکتے ہیں۔ علما نے حکومت سے کہا کہ وہ توہین رسالت کے قوانین کے حوالے سے دو ٹوک موقف کا اعادہ کرے، پاکستان کے عوام ان قوانین میں کسی قسم کی تبدیلی کبھی بھی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ امریکا کو قادیانیوں سے اتنی ہی ہمدردی ہے تو انہیں آئین پاکستان کو تسلیم کرنے پر آمادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کی امریکی سرپرستی سے واضح ہو رہا ہے کہ وہ قادیانیت کے پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کر رہا ہے ،اس سے امت مسلمہ کو ان کے عزائم کا اندازہ لگا لینا چاہیے۔