کورونا بحران کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلیے کوشاں ہیں، گورنر پنجاب

270

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات، کورونا سے بچائو کیلیے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ اور وزیراعظم کے وژن کے تحت صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلیے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب کے سیاسی اور حکومتی امور کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچائو کیلیے کیے جانے والے اقدامات اور دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت عوام کو کورونا بحران کے باوجود ہر شعبے میں ریلیف دینے کیلیے اقدامات کر رہی ہے۔ وفاق اور پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت عوام کے ساتھ ہے اور ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن ہر معاملے میں سیاست شروع کرد یتی ہے کورونا کی وجہ سے آج پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں مگر اپوزیشن کورونا کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں لگی ہوئی ہے، لیکن اپوزیشن کے تمام تر منفی پروپگنڈے کے باوجود حکومت کامیابی سے آگے بڑھتی رہے گی اور اپوزیشن کو ایک بارپھر مایوسی کے سواکچھ نہیں ملے گا۔اس موقع پروزیرا علی پنجاب نے کہا کہ عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو عمران خان جیساایماندار اور مخلص وزیراعظم ملا جو ملک کو کر پشن، ظلم اور ناانصافی جیسے مسائل کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانے کیلیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔