غریب کی زندگی تلخ ہوگئی، پی ٹی آئی نے سب ملیا میٹ کردیا‘ لیاقت بلوچ

304

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان نے قومی وحدت اور ملک کے اقتصادی و اخلاقی نظام کو ملیا میٹ کردیا ہے ۔ملازمت پیشہ ،پنشنرز ،دیہاڑی دارمزدوروں اوربے روز گار نوجوانوں کی زندگی بہت تلخ ہوگئی ہے ۔بجٹ کو تمام قومی سیاسی جماعتوں اور شعبہ ہائے زندگی نے مسترد کردیا ہے ۔آئی ایم ایف کی غلامی عوام کی خوشحالی کا باعث نہیں ہوسکتی ۔ریاست مدینہ نظام کے دعویدار حکمرانوں کو سود ختم کرکے اور عالمی استحصالی نظام معیشت کی بیساکھیوں کو توڑ کر اسلامی معاشی نظام ،خود انحصاری کا راستہ اپنانا اور اپنے عوام کو اعتماد میں لینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قرطبہ سٹی میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اپنے اتحادیوں کو بھی ناراض کرچکی ہے ۔حکومتی اتحاد میں اعتماد ختم ہوچکا ہے ۔وزیر اعظم ریاست کا نظام چلانے میں بالکل ناکام ہوچکے ہیں۔ان کی تنہا پرواز تباہی لارہی ہے ۔اقتصادی ،قومی سلامتی ،پارلیمانی بحران سے نکلنے کے لیے قومی ترجیحات کے ساتھ متفقہ قومی حکمت عملی بنائی جائے ۔لیاقت بلوچ نے نوجوانوں اور کسانوں کے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور اصل سرمایہ ہیں۔تعلیم ، باعزت زندگی اورروز گار نوجوان نسل کا حق ہے ۔یہ بڑا المیہ ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو لانے کے لیے نوجوان بڑے پرجوش تھے مگرٹائیگر فورس ڈاکٹرائن بھی ٹھس ہوگیا ہے۔نوجوانوں کو حکومت نے مایوس کردیا ۔ زراعت ،کسان اور ہاری قومی معیشت کا مضبوط ستون ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کے احکامات پر عمل کرکے زراعت کو تباہ کردیا تواقتصادی غلامی سے نکلنا ممکن نہیں رہے گا۔زرعی صنعت میں سرمایہ دار مافیا کے بجائے چھوٹے کسانوںاور ہاریوں کو تحفظ دیا جائے ۔