بھارت کو عارضی رکنیت ملنا اقوام متحدہ کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے‘ شہباز شریف

229

لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے بھارت کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کامیابی سے مظلوم اور قانون پسند انسانوں کو اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر سے متعلق منفی پیغام ملا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور اقوام متحدہ کے منشور، عالمی قانون کی دھجیاں اڑانے والے ملک کی کامیابی افسوسناک ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے نامزدگی میں بھارت کی حمایت کرکے پاکستان اور کشمیرکے عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔بھارت کا سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن بننا مودی کے یاروں کی مہربانی ہے۔بھارت کے مقابلے میں متبادل نامزدگی کی کوششیں نہ ہونا سفارتی محاذ پر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔ جموں وکشمیر میں بھارتی اقدامات کے بعد یہ عہدہ بھارت کو ملنا اقوام متحدہ کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے۔وزیراعظم اور وزیر خارجہ جتنا زور ملک میں اپوزیشن کے خلاف لگاتے ہیں بھارت کے خلاف مظاہرہ کرتے توبھارت کا راستہ روکا جاسکتا تھا۔علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ کورونا وباء کے علاج کیلیے درکار ضروری ادویات اور طبی سامان بازار سے غائب ہوگیا ہے یا پھر سونے کے بھائو فروخت ہورہا ہے۔ انتظامیہ کے مفلوج ہونے سے عوام اذیت کا شکار ہیں، کوئی نہیں جو ادویات کی نایابی اور مہنگے داموں فروخت کو روکے۔