ہوس کے پجاریوں کی ہوس قبر کی مٹی ہی ختم کرسکتی ہے، حافظ ادریس

169

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ دنیاہی کو اپنا سب کچھ سمجھنے والوں کی دولت کی پیاس نہیں بجھ سکتی ۔ہوس کے پجاریوں کی ہوس قبر کی مٹی ہی ختم کرسکتی ہے ۔ کورونا کی عالمی وبا میں بھی ذخیرہ اندوزوں ،سود خوروں اور مہنگائی کے ذریعے عام آدمی کو اس کی خون پسینے کی آمدنی سے محروم کرنے والوں نے خداکا خوف نہیں کیا جس کی وجہ سے وبا سے نجات نہیں مل رہی ۔اگر لوگ ایک دوسرے کو تحفظ دیتے اور ایک دوسرے کی مدد کرتے تو یقینا اللہ تعالیٰ لوگوں پر رحم کرتا اور اس وبا کو مزید پھیلنے کا موقع نہ ملتا۔اب بھی قوم توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کرے تو اس آزمائش سے بچ سکتی ہے ۔حکمران بھی قوم کے ساتھ اجتماعی دعا اور توبہ و استغفار میں شریک ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ہم بحیثیت مجموعی اخلاقی زوال اور معاشرتی انحطاط کا اس قدر شکار ہوچکے ہیں کہ کورونا سے ٹھیک ہونے والوں نے اپنا پلازمہ عطیہ کرنے اور لوگوں کی جان بچانے کے بجائے اسے دولت کے حصول کا ذریعہ سمجھ کر بیچنا شروع کردیا ہے ۔کورونا کے مریض کوجس دوائی سے تھوڑا سا بھی فائدہ ہوتا ہے وہ مارکیٹ سے غائب ہوجاتی ہے یا چند روپے کی گولی اور انجکشن لاکھوں میں بیچنے لگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ایسی وبائوں اور آزمائشوں سے انسان کو موقع دیتا ہے کہ وہ سیدھے راستے پرآجائے ،توبہ و استغفار کرے اور پلٹ آئے مگر ہمارے ہاں ابھی تک اس کا ادراک نہیں کیا جارہا ۔حکمران پلٹنے کو تیار ہیں نہ عوام خوف خدا کرتے نظر آتے ہیں۔