کورونا  ایس اوپیز کی خلاف ورزی  پر 71 مساجد سیل

444

ریاض: سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے وزارت صحت کے وضع کردہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والی 71 مساجد کو سیل کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹرعبد اللطیف آل الشیخ نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نمازیوں کی صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا نہ ہونے کے نتیجے میں 70 سے زائد مساجد سے وائرس پھیلا جس کے باعث ان مساجد کو بند کردیا گیا ہے۔

وزیر برائے مذہبی امور سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا پروٹوکول اور صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کے عزم کی کمی کے نتیجے میں کچھ مساجد میں کورونا وائرس پھیلا جس کی وجہ سے مملکت کے مختلف علاقوں میں 71 مساجد کو بند کردیا گیا ہے۔

سعودی وزرات صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے 1 لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں جبکہ 746 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں 34 افراد کورونا کا شکار ہوکر زندگی گنوا بیٹھے  تھے۔