حیدر آباد کو گندے پانی کا تالاب بنا دیا گیاہے،حق پرست ارکان اسمبلی

340

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)محکمہ واسا کی نااہلی اور لاپروائی نے شہر حیدر آباد کو گندے پانی کا تالاب بنا دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے ایم کیو ایم کے اراکین صوبائی اسمبلی راشد خلجی، ندیم احمد صدیقی اور ناصر حسین قریشی نے حیدر آباد شہر و لطیف آباد میں نکاسی و فراہمی آب کے مسائل پر محکمہ واسا کی ہٹ دھرمی کو صوبائی حکومت کی عوام دشمن پالیسوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت کے منظور نظر افسران نے محکمہ واسا کو تباہ کردیا ہے وہ دن رات کرپشن کی دولت جمع کرنے میں مصروف ہیں اور شہر کی مین شاہرائیں گندے پانی کی جھیل کا منظر پیش کررہی ہیں اور شہر کے مختلف علاقے پانی کی سپلائی کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے۔انہوں نے کہاکہ حیدر آباد شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی ابتر صورتحال پروزیر بلدیات کی خاموشی کرپٹ افسران کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ سیوریج نظام کی خراب صورتحال کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آرہی ہے مگر واسا افسران چین کی بانسری بجارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر بلدیات اور کمشنر حیدر آباد محکمہ واسا کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیں اور عوام کو فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے نجات دلوائیں ورنہ حیدر آباد کی حق پرست عوام محکمہ واسا کے افسران کا محاسبہ کریں گی اور حق پرست قیادت انکے ساتھ ہوگی۔