جولائی سے مئی تک 68941ملین روپے ٹیکس وصول کیا، وزیر ایکسائز

243

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی 2019ء سے اپریل، مئی تک مجموعی طور 68941.794 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 5416.907 ملین روپے، انفرااسٹرکچر کی مد میں 56811.278 ملین روپے اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 512.770 ملین روپے وصول کیے گئے۔کاٹن فیس کی مد میں 203.482 ملین روپے، جائداد ٹیکس کی مد میں 1822.619 ملین روپے ، انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 60.177 ملین روپے اور باقی رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔سنیچر کو سندھ میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تحت ٹیکس وصول کی صورتحال پراپنے بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث محکمہ ایکسائز سندھ کے دفاتر 21مارچ سے 2 جون تک بند تھے۔حکومت سندھ نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جائیداد ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، موٹر وہیکل ٹیکس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی میں 25 فیصد رعایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز سندھ نے ٹیکس جمع کرانے والوں کی سہولت کے لیے آن لائن مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا۔ آن لائن مینجمنٹ سسٹم کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت گاڑی کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور دیگر ٹیکسز جمع کرائے جاسکتے ہیں۔