تحریک انصاف کا بلاول بھٹو سے امریکی خاتون کے الزامات کا جواب دینے کا مطالبہ

673

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پی پی بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف نے بلاول بھٹو سے امریکی خاتون کے الزامات کا جواب دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس کے بنکر میں چھپے پارٹی چیئرمین اپنی حکومت سے نالائقیوں کا جواب لیں۔

دائیں بائیں نکموں کو بٹھاکر بلاول سندھ کی ترقی کی مثالیں دیتے اچھے نہیں لگتے،کاش بلاول بتاتے کے صوبے میں اربوں روپے کی بے ضابطگيوں کی وجوہات کیا ہیں؟

بلاول بتاتے کے صوبے کا صحت،تعلیم کا نظام کیوں تباہ ہے؟ بہتر ہوتا بلاول بتاتے کے صوبے بھر میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی موجود نہیں ہے،بہتر ہوتا بلاول بتاتے صوبے بھر کے آر او پلانٹس کیوں بند ہیں اور ان میں کتنی کرپشن ہوئی؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ12 سال دور اقتدار میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ہے،صوبہ سندھ اس وقت موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔

ٹڈی دل کے لیے وفاق صوبے کو فنڈ، ٹیمیں اور جہاز فراہم کرچکا ہے،بلاول آپ کے وزیر ٹڈی دل کے نام پر 60 کروڑ کا چونا قومی خزانے کو لگاچکے ہیں، 18 ویں ترمیم پی پی کے لیے وسائل لوٹنے کی ترمیم بنی ہوئی ہے۔

سندھ حکومت کو وفاق نے جتنا بھی سامان دیا وہ پرائیویٹ اسپتالوں میں بیچا گیا،سندھ میں ڈاکٹرز نرسز احتجاج پر ہیں۔

خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ بلاول وفاقی حکومت کے اقدامات کی بجائے اپنے نانا کے آئین کو غلط قرار دیں،پوری دنیا اس وقت وزیر اعظم عمران خان کے اقدامات پر انہیں سراہ رہی ہے۔

بچے ڈوب جائیں یا روڈ حادثہ ہوجائے لیکن سندھ میں ایمبولینس تک موجود نہیں ہے،بلاول سیاست کو چھوڑیں جعلی اکاؤنٹس اور اومنی نوازی کا حساب دیں۔