دریائے سندھ میں 7بچے ڈوب کا جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

207

ٹھٹھہ/ کراچی (نمائندہ جسارت+ مانیٹرنگ ڈیسک+ اسٹاف رپورٹر) ٹھٹھہ کے علاقے جھرک کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 7 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کی لاشیں دریا سے نکال لیں، بچوں کی عمریں 4 سے 9 سال کے درمیان ہیں۔پولیس کے مطابق 7 بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ ٹھٹھہ کے علاقے جھرک کے قریب پیش آیا ہے، ڈوبنے والوں کا تعلق گاؤں دائم مری سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے دریاسے تمام بچوں کی لاشیں نکال کر رولر ہیلتھ سینٹر جھرک منتقل کردی ہیں۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بچوں کے ڈوبنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، کس کی غفلت تھی؟ مکمل رپورٹ فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدید دکھ اور تکلیف دہ بات ہے کہ 7بچے انتقال کرگئے ہیں۔ واضح رہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 3 لڑکیاں اور 4لڑکے شامل ہیں ۔