ایک اوررکن سندھ اسمبلی میں کورونا کی تصدیق‘تعداد 18ہوگئی

176

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی ایک اور رکن میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا کا شکار ارکان اسمبلی کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔نماز جمعہ کے وقفے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغاسراج درانی کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوا تو ایوان کو بتایا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے جس پر وہ اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔سندھ اسمبلی کے 18 ارکان اب تک کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کی رپورٹ ٹیسٹ کے چار روز بعد موصول ہوئی ہے اور وہ تین روز سے اسمبلی آرہی تھیں اور گزشتہ روز کے سیشن میں بھی موجود تھیں۔ شاہانہ اشعر نے بھی حکومتی ٹیسٹ پر عدم اعماد کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ اب دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرائیں گی۔صورتحال پر ایم کیوایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے کہا کہ ٹیسٹ سب ارکان کے ہوئے ہیں مگر رپورٹس نہیں ملیں تو اس تمام پریکٹس کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہمارے زیادہ تر لوگوں کو رپورٹس نہیں ملیں ہیں، مجھے فون پر بتایا گیا کہ آپ کا نتیجہ منفی آیا ہے، سیکرٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہ انہیں رپورٹ نہیں ملی۔اس موقع پر صوبائی وزیر شبیر بجارانی نے کہا کہ جن ارکان کے کورونا رزلٹ نہیں آئے انہیں اسمبلی اجلاس میں نہیں آنا چاہیے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اگر معزز خاتون رکن اسمبلی کا کورونا پازیٹو آیا ہے تو یہ خطرے کی بات ہے۔