ادارہ کی ریکوری اب بھی حالات کی وجہ سے صفر ہے‘کے ڈی اے

181

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کے،ڈی،اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ادارہ کے افسران اور ملازمین کے لیے 40 کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کی بھی منظوری دی مگر افسوس کہ حکومت سندھ کے محکمہ فنانس نے اس اضافی گرانٹ کو 12 اقساط کے لون میں تبدیل کردیاحالانکہ ادارہ کی ریکوری اب بھی حالات کی وجہ سے صفر ہے۔ا دارہ اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ ہر ماہ 3 کروڑ 33 لاکھ روپے کی قسط محکمہ فنانس کو ادا کرسکے۔ کے‘ڈی‘اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور وزیر بلدیات سندھ سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اس لون کو اضافی گرانٹ میں تبدیل کریں۔ ورنہ ادارہ کے افسران اور ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی میں دوبارہ مشکلات کا سامنا ہوگا۔ ایسوسی ایشن ادارہ کے مسائل کو حل کرنے میں آپ کی خصوصی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس اہم مسئلے کو جلد حل کر لیا جائے گا ۔