حیدرآباد:علما مشائخ کی اپیل پر آج یوم تحفظ مزارات منایا جائے گا

152

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) علماءمشائخ فیڈریشن آف پاکستان نے شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز رحم اللہ تعالی علیہ اور ان کی اہلیہ کے اجساد مبارکہ اور مزارات مقدسہ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج ملک بھر میں یوم تحفظ مزارات منانے کی اپیل کی ہے۔ علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی، پروفیسر جلال الدین نوری، علامہ محمود عالم جہانگیری نے کہا ہے کہ مزار عمر بن عبدالعزیز اور مقدس مزارات کی بے حرمتی کھلی دہشت گردی ہے، مقدس مزارات کی بے حرمتی سے عالم اسلام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، مزارات مقدس کی بے حرمتی و توہین کا سلسلہ بند کیا جائے، شام میں مسلمانوں کو چن چن کر قتل اور مزارات کی بے حرمتی کی جارہی ہے، یہود ونصاریٰ کے ایجنٹ مزارات مقدسہ کی بے حرمتی سے باز آجائیں، شام میں حضرت عمر بن عبدالعزیز رحم اللہ تعالی علیہ اور ان کی اہلیہ کے اجساد مبارکہ اور مزارات مقدسہ کی بے حرمتی سے متعلق مسلمانان پاکستان کو تشویش ہے، شام میں صحیح العقیدہ مسلمانوں کے ساتھ ظلم کی انتہا ہوچکی ہے۔ او آئی سی بالخصوص عرب ریاستوں کو ملک شام میں عمر بن عبدالعزیز سمیت دیگر مزارات کی بے حرمتی کا نوٹس لیں۔ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کی تعلیمات نے عشق رسولﷺ کو فروغ اور امن وسلامتی کو عام کیا ہے۔ دو قومی نظریہ کے مخالف ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ قادیانیت فتنہ کی سازشوں کو کسی طور بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، جس کے لیے 22 لاکھ افراد نے جانوں کے نظرانے پیش کیے۔ عقیدہ ختم نبوتﷺ کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات مقدس کو شہید کرنے والے اسلام دشمن ہیں، مقدس مزارات کی بے حرمتی پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ او آئی سی، اقوام متحدہ اسلام مخالف گھناﺅنے فعل کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ شام کی سرزمین لہو لہو ہے، شام کی ابتر صورتحال کے ذمے دار امریکا اور شام میں اس کے اتحادی ہیں۔ دوسروں کے گھر کو آگ لگانے والے پہلے اپنے گھر کی آگ کو بجھائیں۔ امریکا میں نسلی تعصب کی مذمت کرتے ہیں، انسانیت کے علمبردار ہی انسانیت کے ساتھ تعصب اور نسل کشی جیسے فعل کررہے ہیں۔ کشمیر، شام، فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام معمول بن چکا ہے، جو کھلی دہشت گردی ہے۔ اقوام متحدہ موجودہ صورتحال میں بے بس اور ناکام ادارہ بن چکا ہے۔