سندھ میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت، تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بندرہیں گے

126

کراچی(اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ بھر میں مویشی منڈیوں لگانے اجازت دینے کا فیصلہ جبکہ تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے بھر میں مویشی منڈیوں میں کاروبار کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سندھ کے تمام اضلاع میں بکرا،گائے منڈیوں میں خرید وفروخت کی اجازت دی جائے گی۔ محکمہ بلدیات سندھ کے اعلامیے کے مطابق محکمے نے مویشی منڈیوں کے لیے ایس اوپیز تیار کرلیے ہیں جن کے مطابق تمام ٹاؤن،میونسپل کمیٹیز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں مویشی منڈیوں میں کاروبار کی اجازت ہوگی۔ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مویشی منڈی میں خریداروں کے لیے الگ لین مختص کی جائے۔علاوہ ازیں سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جب تک حالات سازگار نہیں ہو جاتے، تعلیمی اداروں کو نہیں کھولا جائے گا۔اس بات کا اعلان صوبائی وزیر سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 جون سے اسکولز کھولنے کی بات درست نہیں ہے۔ جو خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کارروائی جائے گی۔صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نہ چاہتے ہوئے بھی صوبے میں سخت لاک ڈاؤن کیا لیکن ہمارے خلاف اپوزیشن کو استعمال کیا گیا۔ ہم کورونا سے اور اپوزیشن سندھ حکومت سے لڑ رہی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے سوا کسی صوبے کی اپوزیشن نے ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری کو نہیں اکسایا۔ تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بیٹھ کر اپوزیشن نے پریس کانفرنس کی۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم پر ہی مارکیٹیں کھولی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت کیسے ایس او پیز کے نام پر مارکیٹیں بند کر سکتی ہے؟ مارکیٹیں بند کرنا عدالت عظمیٰ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ کورونا صرف بزرگوں کو نہیں بلکہ جوانوں اور بچوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ لاہور میں رینڈم ٹیسٹنگ کے مطابق صرف لاہور کی 6 فیصد آبادی کورونا کا شکار ہو چکی ہے۔