وزیر اعلیٰ سندھ کیخلاف کیس انتہائی کمزور ہے‘ ناصر حسین شاہ

106

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات،بلدیات،ہائوسنگ ٹائون پلاننگ،مذہبی امور ، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف کیس انتہائی کمزور ہے اور ان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں،وزیر اعلیٰ نے پارٹی رہنمائوںسے مشاورت مکمل کر لی ہے،مراد علی شاہ کا متعلقہ کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ،وزیر اعلیٰ کو اس سے قبل اس کیس میں نوٹس تک جاری نہیں کیا گیا لیکن اس حکومت سے کوئی بعید نہیں یہ کچھ بھی کر سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ صرف اس وجہ سے پیش ہوئے ہیں کہ اس تاثر کو دور کیا جائے کہ وہ قانونی احکامات نہیںمانتے لیکن اس کیس میں مراد علی شاہ ملوث نہیں، وہ اس وقت سندھ کے وزیر خزانہ تھے،یہ سب کچھ مفروضوں اور کھوکھلی بنیادوں پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد اصل معاملے سے لوگوں کی توجہ ہٹانا ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کورونا کے معاملے پر وفاقی حکومت نے کچھ نہیں کیا اور وہ اس حد تک پھیل گیا ہے اب اس کا تدارک بہت مشکل ہے، اسی طرح چینی کمیشن کی رپورٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں،یہ اپنے آپ کو فرشتے سمجھ رہے ہیں اور اس معاملے میں انہوں نے سوچا ہوگا کہ وزیر اعلیٰ پیش نہیں ہوں گے،اصل معاملے سے لوگوں کی توجہ ہٹائی جارہی ہے کیونکہ چینی کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی نہیں کرنا چاہ رہے، چینی کمیشن کی رپورٹ میں صاف لکھا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ایکسپورٹ کی اجازت تھی جو کہ وزیر اعظم نے خو د دی تھی جس پر ان کے دستخط موجود ہیں۔