اسٹیل ملز سے ہزاروں مزدوروں کو برطرف کرنے کی منصوبہ بندی کی مذمت

334

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ترجمان سردار عبد الرحیم نے پاکستان اسٹیل ملز سے ہزاروں مزدوروں کو برطرف کرنے کی منصوبہ بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ڈی اے پاکستان میں کسی بھی مزدور کو بے روزگار دیکھنا نہیں چاہتی ہمارا مطالبہ ہے کہ اسٹیل ملز سے محنت کشوں کی برطرفی کا فیصلہ کالعدم کیا جائے۔ ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ پاکستان اسٹیل مل ایک قومی اثاثہ ہے اور ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔پاکستان کی دفاعی ضرورتوں کیلیے بھی اسٹیل مل کی اہمیت کم نہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اسٹیل مل کی پیداوار بحال کی جائے اور اسٹیل مل کے کیجے ملازمین کے تمام واجبات ادا کیے جائیں، اپنے جاری بیان میں سردار عبد الرحیم نے مزید کہا کہ اسٹیل مل کے ملازمین کی بے دخلی کے بارے میں انتظامیہ اور وزارت کے اس فیصلے سے ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل عام ہوگا جو ہم کسی صورت میں برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کے وزیر اعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ لاکھوں نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دیں گے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اسٹیل مل جیسے اداروں سے مزدوروں کو نکال کر ملازمتیں بڑھانا تو دور کی بات ہے پاکستان میں فاقہ کشی میں مزید اضافہ ہوگا۔ جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین سمیت ہزاروں مزدور اپنی تنخواہوں کیلیے پریشان ہیں اور ان کا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا ہے، سردار عبد الرحیم نے کہا کہ جی ڈی اے اسٹیل مل ملازمین کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے، جی ڈی اے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ برطرف کیے گئے تمام مزدوروں کو بحال کرکے انہیں واجبات ادا کیے جائیں۔