جعلی اکائونٹس کیس ‘ وزیراعلیٰ سند ھ آج نیب راولپنڈی میں پیش ہونگے

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جعلی اکائونٹس کیس میں ( آج) جمعرات کو نیب راولپنڈی آفس میں پیش ہوں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آج (جمعرات کو) جعلی اکائونٹس کیس میں طلب کر رکھا ہے۔ مراد علی شاہ سے سندھ روشن پروجیکٹ سے متعلق بھی تفتیش کی جائے گی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ نے قانونی ماہرین سے مشورے کے بعد نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان پر سندھ روشن پروگرام کے سلسلے میں سولر لائٹس کا غیرقانونی ٹھیکا دینے کا الزام ہے۔قومی احتساب بیورو راولپنڈی کی جانب سے سید مراد علی شاہ کو تیسری بار طلب کیا گیا ہے، جب کہ وہ ایک مرتبہ پہلے بھی نیب راولپنڈی میں پیش ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ سندھ روشن پروگرام میں نیب 298 ملین روپے ریکور کر چکا ہے‘ یہ رقم 2 کمپنیوں نے پلی بارگین کے بعد واپس کی تھی جب کہ 4 سرکاری افسران بھی اس کیس میں پلی بارگین کرچکے ہیں۔