پی آئی اے نے ملازمین کی تنخواہوںمیں 25 فیصد تک کمی کردی

427

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے انتظامیہ نے ملازمین کی تنخواہوںمیں 25 فیصد تک کمی کردی ہے ۔ انتظامیہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایک سے 2لاکھ روپے تنخواہ والے ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد ، 2لاکھ سے 3 لاکھ تک تنخواہ پر 15 فیصد ، 3لاکھ سے 5 لاکھ تک والے ملازمین پر کی تنخواہ میں 20 فیصد اور 5لاکھ روپے اور اسے زاید تنخواہ والے ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد کمی کردی گئی ہے ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایک لاکھ روپے سے کم تنخواہ والے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی نہیں کی گئی ہے ۔ ترجمان کے مطابق تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ مالی مشکلات کے باعث کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ حال میں ہی پی آئی اے انتظامیہ نے 8 ارب روپے کا غیر معمولی منافع کمانے کا اعلان کیا تھا۔ تنخواہوںمیں کٹوتی پر پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن اور پائلٹوں کی ایسوسی ایشن پالپا نے سخت ردعمل قرار دیتے ہوئے اسے ملازم کش رویہ قرار دیا ہے ۔ پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن(ساسا) کے جنرل سیکرٹری صفدر انجم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ائرلائن کے معاملات میں مداخلت کریں اور انتظامیہ کی ملازمین دشمن پالیسی کی روک تھام کی جائے تاکہ تمام ملازمین اپنے فرائض بہتر انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ائر لائن میں 8 ارب روپے کے منافع کے اعلان کے بعد بونس کی عدم ادائیگی اور تنخواہوں میں کٹوتی بلاجواز اور غیر منصفانہ ہے۔ائر لائن نے مئی 2020ء میں منافع کا اعلان کیا تھا۔ایک جانب حکومت نے مارچ میں COVID19 کی وجہ سے تنخواہوں میں کمی نہ کرنے کا کہا ہے اور اطلاعات ہیں کہ وفاقی حکومت اگلے بجٹ میں تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کر رہی ہے جبکہ پی آئی اے انتظامیہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں لازمی سروس کے قانون کو نافذ کرتے ہوئے ایچ آر ڈپارٹمنٹ نے ملازمین کی تمام ایسوسی ایشنوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی بھی ملازم کی تنخواہ کم نہیں کی جائے گی تاہم صرف ایک مہینے کے بعد کٹوتی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔صفدر انجم نے واضح کیا کہ ایک طرف 25 فیصد تک تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی ہے اور دوسری طرف آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پی اے ایف آفیسر جو ڈیپوٹیشن پر خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں دگنی تنخواہیں ادا کی گئی ہیں۔پائلٹوں کی تنظیم پالپا نے بھی اس پر شدید تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب پائلٹ شدید دباؤ کا شکار ہیں ، دوسری جانب ان ہی کی تنخواہوں میں کمی کی جارہی ہے ۔ پالپا کے ترجمان نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے میں کوئی کٹوتی نہیں کی ہے‘ فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی و غیر طبی عملے کو اضافی الاؤنس اور تنخواہیں دی جارہی ہیں مگر پائلٹ جو فرنٹ لائن پر ڈٹے ہوئے ہیں اور بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لارہے ہیں ، ان کو کوئی اضافی الاؤنس دینے کے بجائے الٹا ان کی تنخواہوںمیں کٹوتی کی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 6 برس سے پی آئی اے میں تنخواہوںمیں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔