ممکنہ بارشوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے اقدامات کیے جائیں

122

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر میرپور خاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ بہتر حکمت عملی سے ہی ممکنہ تیز بارشوں اورسیلابی صورتحال سے شہری آبادی سمیت مختلف علاقوں کو ہونے والے نقصانات سے بچایا جاسکتا ہے، اس لیے پیشگی مو¿ثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ محفوظ رہ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر میرپور خاص زاہد حسین میمن، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر شہزاد طاہر تھہیم، ایس ایس پی میرپور خاص جاوید بلوچ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالرزاق بلوچ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ شفیق میمن، ایکسین حیسکو عزیز بھٹو اور متعلقہ افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے کہا کہ پبلک ہیلتھ، میونسپل کمیٹی، ٹاو¿ن کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو اپنی اپنی ذمے داریاں تقسیم کرنا چاہیے۔ شہر سے پانی کی نکاسی کا خصوصی بندوبست کیا جائے، نالوں کی صفائی کر ائی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ امکانی بارشوں کے دوران لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ اسپتالوں میں انسانی جانیں بچانے والی ادویات ایمبولینس کی دستیابی، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ بارشوں سے قبل بجلی کا نظام درست کیا جائے۔ ریپڈ رسپونس ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ بلا تعطل بجلی کی سپلائی جاری رکھی جاسکے۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ بارشوں سے قبل اپنے اپنے ضلعوں میں متعلقہ افسران سے اجلاس کرکے حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور کیے گئے اقدمات کی رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔