حیدرآباد ،میرپور خاص،پیٹرول کے نرخ میں کمی س عوام محروم ،پیٹرول پمپ بند شہری پریشان

187

حیدر آباد، میرپور خاص، ٹنڈوالٰہیار (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جسارت) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد یکم جون کو پیٹرول پمپ بند کردیے، شہری سخت پریشان، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی، حیدرآباد میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پیر کے روز شہر کے تقریباً تمام پیٹرول پمپ بند ہوگئے اور جہاں تھوڑا بہت پیڑول تھا وہ سپلائی کرکے بند کردیے گئے۔ پیٹرول مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس پیٹرول ختم ہوگیا جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پیٹرول کی قیمت بڑھائی جاتی ہیں تو پیٹرول مالکان پہلے سے ذخیرہ کرکے رکھ لیتے ہیں اور قیمت بڑھتے ہی مہنگے داموں فروخت کردیتے ہیں لیکن جب قیمت کم ہوتی ہے تو پیٹرول پہلے سے ہی ختم کردیا جاتا ہے کہ یہ نقصان سے بچ سکیں، یہ کام تو حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا ہے کہ وہ پیٹرول پمپ کھلوائیں، پیٹرول کی قلت کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور لوگ سارا دن پیٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مجرمانہ خاموشی اختیار کی گئی۔ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ساتھ ہی میرپور خاص کے پیٹرول پمپس سے پیٹرول کی فروخت بند کردی گئی۔ موٹر سائیکل اور دیگر پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پمپ مالکان اور خریداروں میں جھگڑوں کے واقعات شہریوں پر تشدد۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کے اعلان کے ساتھ ہی میرپور خاص کے تمام پیٹرول پمپس مالکان کی جانب سے پیٹرول کا اسٹاک ختم ہونے کا جواز بنا کر پیٹرول کی فروخت بند کردی گئی، جس کی وجہ سے موٹر سائیکل اور پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ بھانسنگھ آباد پیٹرول پمپ پر پمپ کے عملے اور خریداروں میں پیٹرول مہنگا بلیک میں فروخت کرنے پر تلخ کلامی اور جھگڑا ہوگیا اور پمپ کے عملے نے دو شہریوں شمشاد اور اویس کو سخت تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا موبائل فون بھی توڑ دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے خود ساختہ طور پر پیٹرول کی فروخت بند کی ہے اگر حکومت کی جانب سے پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو پیٹرول پمپ مالکان فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ کردیتے ہیں لیکن جب بھی پیٹرول کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے تو عوام کو پیٹرول فروخت کرنا بند کردیا جاتا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول پمپس مالکان کیخلاف فوری کارروائی کر کے شہریوں کو اس مصیبت سے چھٹکارا دلائیں۔ دوسری جانب پیٹرولیم ایسوسی ایشن میرپور خاص کے صدر شاہ رخ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں عوام کی پریشانی کا اندازہ ہے، آئل ریفائنریز پیٹرول کمپنیوں کو پیٹرول نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے کمپنیاں پیٹرول کی ترسیل نہیں کر پارہی ہیں اگر ریفائنری سے کمپنیوں کو پیٹرول دے دیا جائے تو ترسیل شروع ہوجائے گی اور پیٹرول کی ترسیل نہ ہونے کی وجہ سے میرپور خاص کے 80 فیصد پیٹرول پمپس پر موجود اسٹاک ختم ہوگیا ہے اور پیٹرول کمپنیوں کی جانب سے یہ عندیہ دیا جارہا ہے کہ اس صورتحال کو ٹھیک ہونے میں ایک ہفتے سے دس دن مزید لگ سکتے ہیں۔ میرپور خاص میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 سے 40 روپے فی لیٹر کمی کے بعد بھی مہنگائی میں کمی نہیں آسکی ہے۔ ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی مہنگائی میں از خود اضافہ کردیا جاتا تھا۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی کم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی گرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے سے 40 روپے فی لیٹر کمی کرنے کے بعد بھی مہنگائی میں کمی نہیں آسکی ہے بلکہ مہنگائی میں اضافہ ہی ہوا ہے، ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے ساتھ ہی مہنگائی میں از خود اضافہ کردیا جاتا تھا لیکن اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد بھی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی کو کم کرانے کے لیے فوری کارروائی کر کے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ٹنڈوالہٰیار سمیت سندھ بھر میں پیٹرول پمپ مالکان نے پیڑول پمپ کی سپلائی بند کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا، حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹنڈوالہٰیار شہر میں پیٹرول نایاب ہوگیا، جس کی وجہ سے شہری پریشان، کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کے بعد پمپ مالکان نے پیٹرول فروخت کرنا بند کردیا۔ شہریوں نے کہا کہ جب حکومت پیٹرول ستا کرتی ہے تو پیٹرول ملتا ہی نہیں ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ پمپ مالکان کیخلاف نوٹس لے اور عوام کو سستا پیٹرول فراہم کریں۔ ہم فیملی کے ساتھ دور دراز علاقوں سے آتے ہیں اور یہاں پر ہمیں پیٹرول نہ ملنے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہر یوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں بارہ روپے تک کی نمایاں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ نرخوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے سازگار ثابت ہوگا۔ موجودہ حکومت ملک کی پہلی حکومت ہے جس نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں نمایاں کمی کی ہے، ورنہ ماضی کی حکومتیں تو چند پیسوں کی کمی کرتی رہی ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہے، رواں ماہ کی یکم کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کیا جائے اور اس کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل کو استعمال کر رہی ہے، اس وقت جنوبی ایشیا میں سب سے کم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کمی پر ملک کے غریب عوام وزیر اعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی سے مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں کمی ہوگی، جس سے سبزی، پھل سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر ٹرانسپورٹ کی مد میں آنے والے اخراجات میں کمی آئے گی۔ وفاقی حکومت ملک وقوم کی بہتری اور فلاح کے لیے جامع حکمت عملی بنارہی ہے اور بہت جلد وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ شہریوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومتی احکامات پر عمل نہ کر نے والے پیڑول پمپ مالکان کیخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں جو عوام کو ریلیف فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔ ضلع ٹنڈوالہٰیار سمیت پورے سندھ میں پیٹرول پمپ مالکان نے حکومتی احکامات کو یکساں طور پر مسترد کرتے ہوئے پمپ پر پیٹرول کی سپلائی مکمل طور پر بند رکھی، صرف دو فیصد پیڑول پمپ مالکان نے عوام کو تیل کی سپلائی جاری رکھی۔