حکومت ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لے ،جاوید میمن

100

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری کے باعث غریب عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ہوشر بااضافے، اشیا خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث غریب عوام کا گزر اوقات ہر آنے والے دن کے ساتھ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کی گئی ہے لیکن اس کے باوجودنہ تو ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے اور نہ ہی مہنگائی کو کنٹرول کیا گیا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور ٹرانسپورٹ کے کرایہ میں کمی کے اقدامات اٹھائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آنے والے تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی غلام شبیر بھٹو، حاجی عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، عبدالقادر شیوانی، محمد زبیر قریشی، رئیس قریشی، شریف ڈاڈا، بابو فاروقی، ظہیر حسین بھٹی، محمد منیر میمن، عبدالباری انصاری، سید محمد شاہ، شبیر میمن، جاوید کھوسو، لالا محب پٹھان، محمد عامر، طارق میرانی، ذاکر خان، امداد جھنڈیر، فخر الدین عباسی، معراج وارثی، محبوب صدیقی، ڈاکٹر سعید اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایے بھی بڑھا دیے جاتے ہیں لیکن اب جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کی جارہی ہے تو کوئی بھی ٹرانسپورٹ کرایے کم کرنے کو تیار نہیں اور نہ ہی مہنگائی کم ہونے کا نام لے رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ غربت، بے روزگاری، مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔