وفاق نے میئراسلام آباد کی بحالی کے خلاف اپیل واپس لے لی

377

وفاق نے میئراسلام آبادکی بحالی کے خلاف ہائیکورٹ میں دائر اپیل واپس لے لی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھرنے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ میئر اسلام آباد کی بحالی کے خلاف اپیل میری ایڈوائس کے خلاف دائرکی گئی مجھے وفاق کی جانب سے پہلےاپیل دائر کرنےاوراب اپیل پردلائل نہ دینےکی ہدایات ملیں۔

وفاقی حکومت نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی عہدے پر بحالی کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی۔

 وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے انٹراکورٹ اپیل دائر کی گئی جس میں کہا گیا  تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے21 مئی کو شیخ انصر عزیز کو عہدے پر بحالی کا حکم دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے قانونی تقاضے پورے کیے بغیر شیخ انصر عزیز کی معطلی پر حکم امتناع جاری کیا۔ انٹراکورٹ اپیل میں استدعا کی گئی کہ شیخ انصر عزیز کی بحالی سے متعلق عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

خیال رہے کہ حکومت نے17 مئی کو میئر اسلام آباد کو90 روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔ شیخ انصرعزیز کی معطلی کا مقصد ان کے خلاف الزامات کی صاف شفاف انکوائری کرنا تھا۔لوکل گورنمنٹ کمیشن نے میئر اسلام آباد کو معطل کرنے کی وزارت داخلہ کو سفارش کی تھی۔ انصرعزیز پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈا میں4 کروڑ روپے کی بد عنوانی کا الزام ہے۔

واضح رہے خیال رہے کہ مبینہ بد عنوانی، اقربا پروری، بدانتظامی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے سمیت متعدد الزامات پر لوکل گورنمنٹ کمیشن نے میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز کو معطل کرنے کی وزارت داخلہ کو سفارش کی تھی۔