ماہر تعلیم انوار احمد زئی انتقال کرگئے‘ کراچی میں سپرد خاک

694

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) معروف ماہر تعلیم، ضیاالدین یونیورسٹی ایگزامینشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انوار احمد زئی اتوار کی صبح مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں اتوار کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ مرحوم کو یاسین آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ مرحوم پروفیسر انوار احمد زئی ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، ای ڈی او تعلیم کراچی، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم سندھ، ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میر پور خاص کے بانی چیئرمین رہے اور چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین اور ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین رہے۔ پروفیسر انوار احمد زئی انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمن کے سربراہ بھی رہے۔ پروفیسر انوار احمد زئی سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن، پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے نیشنل کمشنر بھی رہے اور انتقال تک مرحوم ضیاالدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے بانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ گلستان جوہر بلاک A1کی مسجد حسان بن ثابت بعد نماز عصر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں ان کے رفقا، عزیز و اقارب، اعلیٰ سرکاری افسران سمیت صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر انوار احمد زئی کے انتقال پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد عراقی، جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی، وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد، ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعیدالدین، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور احمد شیخ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان ، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پروفیسر انوار احمد زئی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔