کسی کو پسند ہو یا نہیں، سی پیک پایہ تکمیل کوپہنچے گا‘ وزیر خارجہ

368
ملتان: وزیر خار جہ مخدوم شاہ محمود قر یشی پر یس کانفر نس کر ر ہے ہیں

ملتان (اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ سی پیک محفوظ ہے۔ بھارت یا کسی اور کو پسند ہو یا نہ ہو ہرسیاسی پارٹی کا اتفاق ہے کہ سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں آباد ہیں‘کاش بھارت میں بھی مسلمانوں کی تاریخی عبادت گاہیں محفوظ ہوتیں‘ پاکستان میں گرجا گھر اور مندر محفوظ ہیں لیکن بھارت میں بابری مسجد محفوظ نہیں۔ملتان کینٹ کے گرجا گھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرحارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کمیشن قائم کیاگیا ہے اور ہندو برادری کے رہنما چیلارام اس کے سربراہ ہیں۔ اقلیتی کمیشن جو بھی سفارشات پیش کرے گاہم ان پر عملدرآمد کرائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مجھے ایک پاکستانی مسلمان کی حیثیت سے 1848ء میں تعمیر ہونے والے چرچ میں آکر فخر محسوس ہورہا ہے اس لیے کہ ہم آپ کی عبادت گاہوں اور حقوق کے محافظ ہیں‘کاش بھارت کے مسلمان بھی یہ کہہ سکتے کہ بھارت میں ان کی چارسو سال پرانی تاریخی بابری مسجد محفوظ ہے۔اقلیتی کمیشن میں مسیحی برادری ،پارسیوں،سکھوں، ہندوئوں سمیت تمام اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ پاکستان میں جتنی بھی اقلیتیں ہیں مسلم برادری ان کے ساتھ ہے اوران کے حقوق کی محافظ ہے۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہاکہ بھارت میں بی جے پی نے بابری مسجد کوشہید کیا اور بھارتی عدالت عظمیٰ خاموش تماشائی بنی رہی۔انہوں نے کہاکہ آزاد پریس کا بڑا حصہ بھی آرایس ایس کے سامنے گھٹنے ٹیک چکا ہے۔مسلم اقلیت کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جارہاہے۔ان کے حقوق پامال کیے جارہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ این آرسی کے ذریعے مسلمانوں کے حقوق سلب کرلیے گئے ۔ آج بنگالی بھی اپنے حقوق سے محروم ہوچکے ہیں۔اب بنگلہ دیش کوبھی احساس ہوگیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ قربت حاصل کرنے کے باوجود بنگالیوں کے حق کادفاع نہ کرسکے۔نیپال کی جانب سے بھی اس معاملے پرآواز بلند کی گئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی گئی۔