حکومت کراچی کو پانی کی فراہمی میں مکمل ناکام ہوگئی‘ حافظ نعیم الرحمن

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی واٹر بورڈ نے ٹینکرمافیا کی ملی بھگت سے کراچی کے عوام کو پینے کے پانی سے محروم کر دیاہے ، پانی کی چوری اورغیر منصفانہ تقسیم نے عوام کو بوند بوندکے لیے ترسا دیا ہے۔ اس مذموم عمل میں صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ کے افسران و اہلکار اور ٹینکرمافیا مکمل ملوث ہیں۔ صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ کراچی کے عوام کو پانی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام سے ووٹ لے کر اقتدار اور وزارتوں کے مزے لینے والے بھی مجرمانہ طور پر شہر میں پانی کے بحران پر خاموش اور تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں، کراچی کے عوام پہلے ہی پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بے شمار مسائل کا شکار ہیں اور ملک کو سب سے زیادہ ریو نیو دینے والے شہر اور صوبے کے دارالخلافہ کو صوبائی اور وفاقی حکومتوںنے لاوارث سمجھ رکھا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومتیں خواکوئی بھی رویہ اختیار کریں جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے۔ ہم کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سخت گرمی کے موسم میں شہر کے بیشتر علاقوں میں واٹر بورڈ کے عملے اور افسران نے ٹینکرز مافیا کی ملی بھگت سے شہریوں کو پانی سے محروم کر رکھا ہے اور بعض اطلاعات کے مطابق رہائشی علاقوں کا پانی انڈسٹریل ایریا میں فراہم کیا جا رہا ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کو بھی پینے کا پانی انہیں ہر صورت ملنا چاہیئے،پانی کی فراہمی کے ایک بڑے منصوبے K-4کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنا آئینی کردار اور فرض ادا کرنا چاہیے۔