پی ایس ایل لائیو اسٹریمنگ رائٹس ہولڈر کی پی سی بی سے معذرت

176

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے اظہار افسوس کرتا ہے اور فریقین کے مابین تنازع کا مناسب حل تلاش کرنے پر زور دیتا ہے۔ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے بیان میں کہا کہ ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای تسلیم کرتا ہے کہ وہ مخصوص سب لائسنسنگ کے سلسلے میں پی سی بی سے پیشگی اجازت طلب کرنے میں فعال نہیں رہا اور اس دوران یہ تمام عمل پی ایس ایل 5 کے لائیو اسٹریمنگ رائٹس کے لیے پی سی بی کے ساتھ معاہدے کی روح اور شقوں کے مطابق نہیں رہا۔ ہم نے پی سی بی سے اظہار افسوس کرنے کے ساتھ ساتھ معافی طلب کی ہے اور اس معاملے پر ہم ان کی ہمدردانہ نظر کے منتظر ہیں۔ادھرپی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم رائٹس ہولڈر کی معذرت اور ان کی پیش کردہ وضاحت کو سراہتے ہیں۔ اپنی طرف سے پی سی بی مزید چوکس رہنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا خواہاں ہے، جیسا کہ اندرونی چھان بین کے عمل اور طریقہ کار کو مزید موثر بنانا، کرنے اور نہ کرنے کے حوالے سے اپنے شراکت داروں کی بہتر رہنمائی کے سلسلے میں واضح گائیڈ لائنز کے مستقل اجرا کو یقینی بنانا شامل ہے۔