ملک بھر میں کورونا وائرس سے 4صحافی جاں بحق، متعدد متاثر

393

اسلام آباد(آن لائن) ملک بھر میں کورونا وائرس سے 4صحافی جاں بحق جبکہ متعدد متاثر ہیں، متاثرہ صحافی سیلف قرنطینہ میں کسمپرسی سے خطرناک بیماری کا مقابلہ کرنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ روز کے پی کے میں ایک صحافی فخرالدین کرونا کا مقابلہ نہ کر سکے اور جان کی بازی ہار گئے ،اس سے قبل ملتان اور سکھر میں 3 صحافیوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔ پی ایف یو جے اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ پنجاب لاہور میں 84صحافی متاثر ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان،فیصل آباد،ملتان ،رحیم یار خان،بہاولپور،کراچی،سکھر،گوجرانوالہ،اسلام آباد،راولپنڈی،کوئٹہ میں صحافی متاثر ہوئے ہیں۔ملک بھر میں 159سے زائد صحافی سیلف قرنطینہ میں ہیں جن کے رزلٹ مثبت آئے تھے۔ پی ایف یو جے نے حکومت سے کہا ہے کہ ملک بھر میں صحافی برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور انہیں کوئی سہولت بھی فراہم نہیں کی جار ہی ہے۔ بیشتر صحافی معاشی طور پر بھی کمزور ہیں اور ان کے گھروں میں فاقے پڑ چکے ہیں لیکن وہ اس مرض کا دلیرانہ مقابلہ بھی کر رہے ہیں۔