جہنم سے نجات اور جنت کا حصول انسان کی اصل کامیابی ہے، حسین محنتی

35

کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے۔ جہنم سے نجات اور جنت کا حصول ہی انسان کی اصل کامیابی ہے۔ ہرجانے والا شخص کل نفس ذائقة الموت کا پیغام اور آخرت کی تیاری کی یاد دہانی کراتا ہے۔اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر اور مہلت کو آخرت کی تیاری میں لگایا جائے تو کامیابی یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید میں دیرینہ رکن جماعت اسلامی عبدالوہاب شیخ کے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر عبدالفتاح
شیخ کی وفات پرمنعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم ڈاکٹر عبدالقادر سومرو اور ڈاکٹر عبدالفتاح شیخ حسن اخلاق کا مجسمہ تھے۔ یکے بعد دیگرے ان دونوں مسیحاﺅں کی وفات تحریک اسلامی کا بڑا نقصان ہے، لیکن موت برحق ہے۔ قبل ازیں مدیرجامعہ تفہیم القرآن شاہ لطیف ٹاﺅن مولانا ضیاالرحمن فاروقی نے درس قرآن دیا جبکہ نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو نے مرحومین کی مغفرت و درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اجتماع میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، مقامی ناظم اور جماعت اسلامی ، جمعیت کے کارکنان سمیت قریبی رشتہ دارا وراہل محلہ شریک تھے۔ یاد رہے ڈاکٹر عبدالفتاح شیخ کینسر کے مریض تھے گزشتہ دن گلشن حدید میں انتقال کرگئے تھے، آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔