توہین عدالت: سی او او موٹروے کو جواب کیلیے 4جون تک مہلت

145

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف آپریٹنگ آفیسر موٹروے کو 4 جون تک جواب کے لیے مہلت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست گزار راشد علی سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے موٹروے دکانداروں کو آن لائن ٹیک اوے کی اجازت دے رکھی ہے جبکہ موٹر وے حکام نے حکومتی نوٹیفکیشن کی روشنی میں درخواست گزاروں کو ٹیک ا وے کی اجازت نہیں دی۔ اس سلسلے میں موٹر وے افسران کو درخواستیں دیں شنوائی نہ ہونے پر عدالت عالیہ سے رجوع کیا، عدالت نے چیف آپریٹنگ آفیسر موٹر وے کو ٹیک اوے کی اجازت کا حکم دیا، تاہم عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پردرخواست گزاروں نے استدعا کی کہ حکم عدولی پرچیف آپریٹنگ آفیسرموٹر وے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ دوران سماعت چیف آپریٹنگ آفیسر موٹروے کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جواب کے لیے مہلت دی جائے،جس پر عدالت نے وکیل کو جواب کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 4 جون تک ملتوی کردی۔