کے پی کے،متعدد ٹریفک حادثات ، دوسیکورٹی اہلکار سمیت5افراد جا ں بحق

199

کوہاٹ، ڈی آئی خان، لکی مروت (این این آئی) کوہاٹ میں عیدالفطر کے موقع پر موٹر سائیکل کے متعدد ٹریفک حادثات میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت 3 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 3 دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی میڈیا، ریسکیو 1122 اور دیگر ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق عید کے موقع پر کوہاٹ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر ڈگری کالج لاچی کے قریب موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشہ کے مابین تصادم میں فرنٹیئر کور کا اہلکار محمد یاسر سکنہ سنڈہ فتح خان جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ کوہاٹ کے علاقے شکردرہ میں بوڑی ساغری سڑک پر موٹر کار اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار فرنٹیئر کور کا اہلکار حارث زخمی ہوکر بعد ازاں چل بسا۔ کوہاٹ کے قریب موٹر سائیکل کے حادثے میں محمد سالم نامی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ اسی طرح کوہاٹ میں غوریزئی پایاں میں موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گرنے سے دو نوجوان زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اور پہاڑ پور کے رہائشی تین نوجوان دریائے سندھ اور سی آر بی سی نہر میں ڈوب گئے، تین روز قبل سی آر بی سی نہر میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش پاک فوج کے غوطہ خوروں کی خصوصی ٹیم نے تلاش کرلی۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چہکان کا رہائشی خیام محسود نامی نوجوان تین روز قبل گرہ حیات کے مقام پر چشمہ رائٹ بینک کینال (سی آربی سی) نہر میں ڈوب گیا تھا، جس کی لاش کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کیا، تاہم دو دن کی تلاش کے باوجود ڈوبنے والے نوجوان کی لاش نہ مل سکی، جس کے پاک فوج کے کمانڈوز پر مشتمل منگلا یونٹ سے خوطہ خوروں کی خصوصی ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے نوجوان کے ڈوبنے کے مقام سے 5 کلو میٹر دور سے لاش کو نکال لیا۔ ادھر پہاڑ پور کا رہائشی نوجوان عمران خٹک ولد شاہنواز خٹک سکنہ بستی مقبول آباد پہاڑ پور بھی سی آر بی سی نہر میں ڈوب گیا جبکہ تحصیل پہاڑ پور کے گائوں خانوخیل کا رہائشی 12 سالہ شعیب ولد محمد اقبال جائی دوستوں کے ہمراہ دریا کنارے پکنک مناتے ہوئے پائوں پھسلنے سے دریا میں گر کر گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ پہاڑ پور کے رہائشی دونوں نوجوانوں کی لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تھا۔ ضلع لکی مروت کے مختلف علاقوں میں الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک بارہ سالہ لڑکا جاں بحق، جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ لنڈیواہ علاقے میں بارہ سالہ انعام اللہ، دس سالہ مدثر اور تیرہ سالہ سجاد چھاؤنی گرائونڈ میں بیٹھے تھے کہ شہاب خیل کی جانب سے آنیوالی پک اپ ان پر چڑھ دوڑی، جس سے تینوں بچے زخمی ہوگئے، جنہیں نورنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں بارہ سالہ انعام اللہ بنوں لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ بنوں سے تعلق رکھنے والے نیک دراز شاہ اور واثق سرائے گمبیلا کے قریب انڈس ہائی وے پر حادثے میں زخمی ہوگئے، دونوں موٹر سائیکل پر بہرام خیل جارہے تھے کہ ڈیرہ کی جانب سے آنے والی کار نے انہیں ٹکر مار دی، دونوں زخمیوں کو سرائے گمبیلا اسپتال منتقل کردیا گیا۔