بنگلا دیش کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ، درآمدات میں کمی

129

اسلام آباد (اے پی پی) بنگلا دیش کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈکیا گیاہے ۔ ا سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ء سے لیکر مارچ 2020ء تک کی مدت میں بنگلا دیش کو 573.15 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی، یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.28 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں بنگلا دیش کوپاکستانی برآمدات کا حجم 571.30 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2020ء میں بنگلا دیش کو برآمدات سے ملک کو61 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ سال مارچ میں بنگلا دیش کو برآمدات سے ملک کو 61.02 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، مالی سال 2018-19ء میں بنگلا دیش کو مجموعی پاکستانی برآمدات کا حجم 744.72 ملین ڈالرریکارڈکیا گیاتھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال میں بنگلا دیش سے درآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جولائی 2019ء سے لیکر مارچ 2020ء تک کی مدت میں بنگلا دیش سے درآمدات کاحجم 39.02 ملین ڈالررہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلا دیش سے درآمدات پر45.59 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔