عیدکی تعطیلات کے دوران ایس او پیز اور گائیڈ لائنز نظرانداز

233

اسلام آباد (اے پی پی) عیدکی تعطیلات کے دوران ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی شرح انتہائی کم رہی،آنے والے دنوں میں وباءکے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے یہ بات منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے عیدالفطر کے تیسرے روز کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی وبا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتائی گئی۔ وزارت صحت کی جانب سے گذشتہ تین دنوں کے دوران کورونا وائرس کے درج ہونے والے کیسز، اموات اور وینٹلیٹر پر پڑے ہوئے مریضوں کی
تعداد کا جائزہ اور آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کے ممکن پھیلاﺅ سے متعلق تخمینہ کا بغور تجزیہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅ کےلیے حکومت کی جانب سے بنائے گئے ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کی شرح انتہائی کم رہی۔ اس سے آنے والے دنوں میں وباءکے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔ فورم نے عیدالفطر کی باقی تعطیلات کے دوران ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلیے صوبائی حکومتوں کے کردار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔