چین سے تعلقات ختم کردیں گے، امریکی صدر

440

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ درست معلومات نہ دیں تو چین سے تعلقات ختم کردیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر چین سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی ہم منصب سے بات بھی نہیں کرنا چاہتا اور اگر کورونا سے متعلق درست معلومات نہ دیں تو چین سے تعلقات ختم کردیں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں چین سے بہت ناراض ہوں اور ہمارے پاس کافی معلومات ہیں تاہم یہ وائرس لیب سے آیا ہو یا چمگادڑ سے چین کو اسے روکنا چاہیے تھا۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزامات کے باوجود ایک بار پھر شواہد دینے سے گریزکیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کی چین مخالف بیان بازی کو کئی افراد رواں سال نومبر میں ہونے والے امریکہ میں صدارتی انتخابات کی ایک حکمت عملی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔