جاوید شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے سزادی جائے ٗحافظ نعیم کا مطالبہ

983

  کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن جاوید شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے پھانسی دی جائے،مرکزی مجرم کے ساتھ تفتیش کی جائے۔

تیسر ٹاؤن میں فائرنگ سے شہید ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکن محمد جاوید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر شہید کے اہل خانہ کو انصاف نہ فراہم کیا گیا تو شہر کے کسی بھی اہم مقام پر بڑا مظاہرہ کیا جائے گا،اس وقت شہر بھر میں گلہ سڑا نظام موجود ہے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ شہر میں لاک ڈاؤن کے باوجود قاتلوں کا آزادانہ فائرنگ کرنا قانون نافذ کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے،قاتلوں کی نشاندہی ایف آئی آرمیں درج کروائی جاچکی ہے اور ان کے پتاجات بھی لکھوائے جاچکے ہیں اس کے باوجود دو قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جارہا،قاتلوں کی سرپرستی کرنے والے چاہے کتنے ہی طاقت ور کیوں نہ ہوں شہید کے اہل خانہ اور لواحقین کو لاوارث نہ سمجھے،جماعت اسلامی شہید کے اہلخانہ کے ساتھ ہے اور ان کے ورثا ء کا حق ضرور دلوائیں گے۔

مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ قاتلوں جواب دو،خون کا حساب دو،جاوید بھٹی شہید کا قتل امن کے حکومتی دعوؤں کی نفی،جماعت اسلامی کے کارکن جاوید بھٹی شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرو۔مظاہرے کے شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور پرجوش نعرے بھی لگائے۔

حافظ نعیم الرحمن کامزید کہنا تھا کہ شہید جاوید کے بعد جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار اب بھی علاقے میں عوامی خدمت کے فرائض انجام دے رہے ہیں، آج جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار کراچی پریس کلب پر اس لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ شہید جاوید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر احتجاج کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک آفاقی تحریک ہے جو عوامی خدمت کے لیے میدان عمل میں موجود ہے۔