تیل قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھانے کا حکومتی پلان تیار

230

اسلام آباد (صباح نیوز) حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھانے کا پلان تیار کر لیا ہے۔ خام تیل، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیشگی خریداری کی تیاری مکمل کرلی، مخصوص عرصے کے لیے تیل کی ایک مقررہ قیمت پر مخصوص مقدار خریدنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن سمری منظوری کے لیے ای سی سی میں پیش کرے گا۔سمری کے مطابق ایک سے دو سال کے لیے پیشگی تیل خریدنے کی تجویز ہے۔ خام تیل، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی مجموعی سالانہ درآمدات کا نو فیصد یا ڈیڑھ کروڑ بیرل سالانہ پیشگی خریداری کی تجویز ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ کے لیے پاکستان اسٹیٹ آئل کو کائونٹر پارٹی بنانے کی تجویز ہے اور وزارت خزانہ پی ایس او کو پرفارمنس گارنٹی کی منظوری دے گی۔ ہیجنگ کے متعلق امور کو مخصوص بینکوں کے ساتھ حتمی شکل دینے کیلیے سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔