پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ریلیف قوم کے ساتھ زیادتی ہے

208

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی الخدمت کی طرف سے رمضان فوڈپیکیجز شہر بھر میں مستحق خاندانوں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ بہت بڑی تعداد میں مستحق خاندان ابھی بھی مدد کے منتظر ہیں۔ اہل خیر اپنے تعاون کو جاری رکھیں۔حکمران مخصوص طبقات کے بجائے مستحق اور سفید پوش طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے عملی اقدامات کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 112 منصورہ کے حلقہ مصطفی ٹاؤن میں350 مستحق خاندانوں میں دوسری راشن تقسیم تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، رہنما جماعت اسلامی امان اللہ خان، چودھری عبدالواحد، طاہر رضا ایڈووکیٹ، تاجر رہنما ظفر سعید، زاہد چشتی، قاسم طارق، سابق نائب ناظم ملک کاشف اور اہل علاقہ کے معززین نے شرکت کی۔ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ریلیف قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔ دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی نچلی سطح پر ہیں لیکن حکومت لوگوں کو ریلیف دینے کے بجائے اپنا خزانہ بھر نے میں مصروف عمل ہے۔ پیڑول کی قیمتوں کو مزید کم کر کے ہر طرح کی اشیاء میں قیمتوں کو کم کیا جاسکتا ہے اور پورے ملک کے لوگوں کو کورونا کی مصبیت میں معاشی ریلیف مہیا کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اس کے لیے عملی اقدامات کا اعلان کریں۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن رمضان المبارک میں ریلیف کے اس بڑے کام کو جاری رکھے گی۔