مزدورملک وقوم کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردارادا کرتا ہے

368

لاہور (نمائندہ جسارت) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی ملک و قوم کی تعمیروترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے بدقسمتی سے ملک میں لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار مزدور دووقت کی روٹی سے محروم ہو گیا ہے۔حکومت لاک ڈاؤن میں محنت کش مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے زبانی جمع خرچ سے کام چلارہی ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن مشکل وقت میں دہاڑی دار اور مزدور طبقہ کی فلاح بہبود کیلیے مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن راوی کرکٹ گرائونڈ میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر سیکڑوں مزدوروں میں رمضان پیکیج تقسیم تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل ،سیکرٹری جے آئی یوتھ پاکستان شاہد نوید ملک، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ستر سال سے پاکستان میں محنت کشوں کا مزدوروں کا بدترین استحصال ہورہا ہے۔ جن کی بدولت معیشت کا پہیہ چلتا ہے آج وہی مزدور اور دہاڑی دار طبقہ دووقت کی روٹی سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے محنت کی عظمت اور مزدوروں کے حقوق بیان فرمائے اور رسول ﷺ ان احکامات خداوندی پر مکمل عمل پیرا ہوئے اور محنت کشوں کے حقوق خود ادا فرمائے اور پوری امت کو ان پر عمل کرنے کی تلقین فرمائی مگر بدقسمتی اسلامی جمہوری فلاحی ریاست میں مزدوروں اپنے حقوق سے محروم ہوچکا ہے۔علاج معالجہ، صحت و تعلیم جیسی سہولیات محنت کشوں سے کوسوں دور ہیں۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن مزدور طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے کیونکہ یہ ملکی تعمیر و تر قی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتے ہیں اور محنت کش طبقہ کسی بھی ملک کی تر قی اور خوشحالی میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔