لاہور ایکسپو سینٹراسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی پر مریضوں کا احتجاج

447

لاہور(جسارت رپورٹ) لاہور ایکسپو سینٹر میں بنائے گئے کورونا اسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی سے قرنطینہ میں رکھے گئے افراد پریشان ہو گئے جس بعد انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسپتال کے اندر توڑ پھوڑ شروع کردی ،لوگ قرنطینہ سے باہر نکل آئے اور واپس اندر جانے سے انکار کردیا۔ قرنطینہ کے باہر احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ انہیں معیارکھانا،سینی ٹائزرزر اور ماسک نہیں مل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نجی لیب کے عملہ روز آکر 8 ہزار روپے فیس لے کرسیمپل لے جاتاہے‘ڈاکٹر نہیں آتے‘صرف خاکروب آتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔بعدازاں پولیس اوررینجرز کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیے گئے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال میں مریضوں کے احتجاج کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کو معیاری کھانا بروقت مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ اسپتال میں متاثرہ مریضوں کو دیگر ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر دی جائیں‘ جہاں بھی کوتاہی یا غفلت ہوئی ہے ذمے داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے‘ متاثرہ مریضوں کی مناسب دیکھ بھال متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے‘ اس ضمن میں تساہل برداشت نہیں کروں گا۔